نئی دہلی: پاکستانی شہری سیما حیدر کی مشکلات تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ کچھ دن پہلے ہی یوپی اے ٹی ایس نے سیما حیدر، اس کے شوہر سچن مینا اور اس کے سسر نیترپال سے پوچھ گچھ مکمل کی تھی، جبکہ اب ایک بار پھر پوچھ گچھ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ منگل کو اے ٹی ایس اور آئی بی سیما حیدر اور سچن کو پوچھ گچھ کے لیے لے گئی ہے۔ اے ٹی ایس سیما کے غیر قانونی طور پر ہندوستان آنے کے بارے میں مسلسل پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔
پوچھ گچھ کے پہلے دور میں کسی جاسوسی رابطے کا انکشاف نہیں ہوا ہے۔ اے ٹی ایس سیما حیدر سے جاننا چاہتی ہے کہ ہندوستان میں سیما نے سچن سے پہلے کس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ وہیں حال ہی میں ایک اطلاع یہ بھی سامنے آئی ہے کہ سیما حیدر نے ہندوستان آنے کے دو پلان بنائے تھے۔ اگرچہ پہلا منصوبہ کامیاب رہا لیکن سیما حیدر کو پلان بی کی ضرورت نہیں تھی۔ ساتھ ہی سیما حیدر نے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ انہیں ہندوستان کی شہریت دی جائے۔ سیما مسلسل کہہ رہی ہے کہ اس کی جان کو پاکستان میں خطرہ ہے، وہاں غیرت کے نام پر ختم کر دیا جاتا ہے۔








