نئی دہلی:
ایک بہت ہی اہم پیش رفت میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کی جانب بنائی گئی کورونا ریلیف ٹاسک فورس کی کمان کانگریس میں باغی گروپ کے لیڈر غلام نبی آزاد کو سونپ دی ہے۔ اسے ایک جانب باغیوں کی عدم اعتمادی کو روکنے کی کوشش مانی جا رہی ہے تو دوسری طرف مودی سرکار کو گھیرنے کی کوشش ۔
لوک سبھا انتخابات 2019 کے بعد سےمستقل صدر منتخب کئے جانے اور آخری انتخاب کی مانگ کو لے کر پارٹی میں زبردست گھمسان ہو چکا ہے ۔ پارٹی میں باغی لیڈروں کا ایک گروپ ہے جسے G-23کہا جا تا ہے ۔ اس کی کمان کافی حد تک آزادکے پاس ہی ہے ۔
کورونا دور میں جب ملک میں حالات کافی خراب ہیں اور مودی سرکار اپوزیشن کے نشانے پر ہے ایسے میں سونیا گاندھی کی جانب سے کورونا ٹاسک فورس کی تشکیل دینا سیاسی طور پر اہم قدم ہے اور آزاد جیسے تجربہ کار لیڈر کو اس کی کمان سونپنے کا مطلب ہے کہ پارٹی روٹھے ہوئے باغی لیڈروں کو راضی کرنا چاہتی ہے ۔ اسی پیش رفت میں پارٹی نے ان لیڈروں کی مستقل صدر منتخب کئے جانے اور آخری انتخاب کی مانگ پر بھی کام کیا ہے اور دو دن پہلے ہوئی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں 23 جون کو صدر عہد پر انتخاب کرانے کااعلان کیا تھا حالانکہ کورونا بحران کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا تھا۔








