نئی دہلی:
جرنلسٹوں کی مختلف تنظیموں نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔ غزہ میں گزشتہ روز میڈیا ہاؤسز اور اس کےدفاتر کی بلڈنگ پر بمباری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان تنظیموں نے کہاکہ میڈیا دفاتر اور اس کے کارکنوں پر بمباری کاکوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔ اس کامقصد اس کے سوا کچھ اورنہیں کہ میڈیا کو آزاد اور غیر جانبدارانہ کوریج سے روکا جائے اور غزہ کے حالات کو باہری دنیا سے واقف کرانے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس بلڈنگ میں رہائشی کمپلیکس بھی تھے جو پوری طرح تباہ کردئے گئے۔ انڈیا ویمنس پریس کارنس ، پریس ایسو سی ایشن اورپریس کلب آف انڈیا جیسی باوقار تنظیموں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ایسے ہرحملہ کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ تشدد زدہ علاقہ غزہ میں کام کرنے والے میڈیا کارکنوں پر حملوں کو فوری روکا جائے ۔








