لکھنؤ: ہندوستان کے دبنگ قد آور مسلم لیڈر ممبر پارلیمنٹ اور سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما محمد اعظم خاں کی حالت ایک بار پھر بگڑگئی۔ انہیں آئی سی یو میں داخل کرنا پڑا ہے۔ میدانتا اسپتال کا کہنا ہے کہ ان کے پھیپڑوں میں انفیکشن بڑھ گیا ہے ۔آکسیجن لیول میں استحکام نہیں ہے۔اعظم خاں کو دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ میدانتا اسپتال کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق اعظم خان کا سی ٹی اسکین کیا گیا، جس میں ان کے پھیپھڑوں میں فائبروسس اور کیویٹی پائی گئی ہے۔
بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اعظم خان کی حالت فی الحال تشویش ناک ہے،مگر قابو میں ہے۔میدانتا لکھنؤ کی کریٹیکل کیئر ایکسپرٹ ٹیم ان کے بہتر علاج کے لئے لگاتار کام کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ رام پور سے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان اور ان کے بیٹے عبد اللہ اعظم کو 9 مئی کو کووڈ-19 کے انفیکشن کے سبب لکھنؤ میں واقع میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔








