کولکاتا :
مرکز نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے نئے چیف ایڈوائزر الپن بندواپادھیائے پر کارروائی کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ مرکز نے وزیر اعظم نریندر مودی کی میٹنگ سے غائب رہنے پر الپن کو شوکاز نوٹس بھیجا ہے ، جس پر انہیں تین دن میں جواب دینا پڑے گا۔ الپن سے پوچھا گیا ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے سیکشن 51 (بی) کے تحت اس کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے۔جس کے تحت ایک سال کی جیل یا جرمانہ ہوسکتا ہے ۔ جیل اورجرمانہ دونوں بھی لاگو کئے جاسکتے ہیں۔ اگر کام میں رکاوٹ یا ہدایتوں کی عدم پابندی کی وجہ سے کسی کی جان جاتی ہے یا نقصان ہوتاہے تو ایسا کرنے والے شخص کو 2 سال کی سزا دی جاسکتی ہے ۔
اب اگر الپن نوٹس کا جواب نہیں بھیجتے ہیں یا پھر ان کے جواب سے مرکزی حکومت مطمئن نہیں ہوتی ہے تو ان کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 51 بی کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے یا پھر ایف آئی آر درج کی جاسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ مرکز اور ریاست کی کسی بھی افسر کو یا ان سرکاروں کے ذریعہ اختیار کردہ کسی بھی شخص کے مناسب کام کے بغیر کام میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی ، ریاست ، قومی کمیٹی یا ریاستی کمیٹی کے ذریعہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے کے لئے بھی کارروائی کا التزام ہے۔










