گروگرام، ہریانہ میں ایک انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے، کیونکہ ہزاروں بنگالی نژاد مسلمان تارکین وطن مزدورخوف کے مارے شہر سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا الزام ہے کہ انہیں ان کی زبان اور مذہب کی بنیاد پر پولیس کی جانب سے غیر قانونی حراست، ہراساں کرنے اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران، 200 سے زیادہ بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو مبینہ طور پر حراست میں لیا گیا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق، انہیں مانیسر کے بادشاہ پور، سیکٹر 10A، سیکٹر 40، اور سیکٹر 1 جیسے علاقوں میں کمیونٹی ہالز میں قائم عارضی حراستی مراکز میں رکھا جا رہا ہے۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں حراست کی وجہ، ان کے رشتہ داروں کے مقام یا کسی قانونی کارروائی کے آغاز کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔
ان میں سے زیادہ تر مزدور ہیں ، جن کا تعلق مغربی بنگال کے مختلف اضلاع سے ہے، کئی دہائیوں سے گروگرام میں آباد ہیں، جو تعمیرات، کارخانوں، گھریلو کام، گاڑی چلانے، صفائی ستھرائی اور کوڑا چننے جیسے کام کرتے ہیں۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ آدھار کارڈ اور ووٹر آئی ڈی جیسی درست دستاویزات رکھنے کے باوجود، اب ان پر "غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن” ہونے کا الزام لگایا جا رہا ہے ـ
شکر پور سے حراست میں لیے گئے ایک کارکن نے بتایا کہ اسے اور 12 دیگر افراد کو بغیر کسی وضاحت کے کیسے اٹھایا گیا۔ "انہوں نے ہمارے فون چھین لیے، ہمیں اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرنے سے روکا، ہمیں پولیس چوکیوں کے درمیان منتقل کیا، اور آخر کار ہمیں تین دن کے لیے سیکٹر 31 کے کمیونٹی ہال میں بند کر دیا۔ ایسا محسوس ہوا کہ ہمیں مسلمان ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔” اس نے حراست کے دوران ناروا سلوک کا الزام بھی لگایا: "جب ہم نے کھانا مانگا تو ایک افسر نے ہمیں رمضان کے روزے رکھنے پر طعنہ دیا، دیا گیا کھانا باسی تھا، اور شکایت کرنے والوں کو مارا پیٹا گیا۔”
مقامی کمیونٹی لیڈران مناسب عمل کی مکمل کمی کو اجاگر کرتے ہیں۔ "کوئی گرفتاری میمو نہیں، کوئی رسمی الزام نہیں، صرف خوف اور دھمکی،” ایک رہنما نے کہا۔ کارکن رپورٹ کرتے ہیں کہ اب پورے محلے چھوڑے جا رہے ہیں کیونکہ رہائشی گرفتاری یا حملے کے خوف سے مغربی بنگال فرار ہو گئے ہیں۔
سول رائٹس کے میدان میں کام کرنے والی سرگرم تنظیم APCR کے سکریٹری ندیم خان، نے بیان کیا: "وہ لوگ جو یہاں کئی دہائیوں سے رہ رہے ہیں، جن کے پاس تمام مطلوبہ دستاویزات ہیں، انہیں اچانک باہر کے لوگ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ قانون نافذ کرنے والا نہیں ہے، یہ فرقہ وارانہ پروفائلنگ ہے۔” ایک اور کارکن، لئیق احمد خان نے اس صورتحال کو "غیر قانونی ریاستی کارروائی کے نتیجے میں نسلی نقل مکانی ۔”والا بتایا متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے والے وکیل ایم حذیفہ نے اس سلوک کی مذمت کی: "ان کارکنوں نے اس شہر کو بنانے میں مدد کی، پھر بھی آج انہیں اپنے ہی ملک میں بے وطن سمجھاجا رہا ہے۔”
ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) APCR نے آزاد عدالتی تحقیقات، زیر حراست افراد کی فوری رہائی، ملوث پولیس افسران کا احتساب، متاثرین کے لیے معاوضہ اور اس کریک ڈاؤن کی قانونی بنیاد کے بارے میں شفافیت کا مطالبہ کیا ہے۔مکتوب میڈیا کے ان پٹ کے ساتھ










