بابری مسجد کے نام پر شہرت کمانے والے ٹی ایم سی اور بی جے پی کے سابق لیڈر ہمایوں کبیر ایک مبینہ اسٹنگ ویڈیو کی وجہ سے سخت جانچ کی زد میں آ گئے ہیں۔ وہیں ان کے خاص نئے سیاسی دوست اویسی پر بھی اس کی انچ آرہی ہے کیونکہ ان پر پہلے سے ہی بی جے پی کی بی ٹیم ہونے کا الزام لگتا رہا ہے،
جو وائرل ویڈیو ہے اس میں، کبیر کا دعویٰ ہے کہ وہ بی جے پی کے سینئر لیڈروں سے رابطے میں ہیں ـ اور وزیر اعظم کے دفتر (PMO) سے رابطے میں ہیں ۔ اس ویڈیو کے سیاسی اثرات پڑنا ہے اور وہ نظر آنا شروع ہوگئے ہیں ـ جمعہ کے روز، اسد الدین اویسی کی قیادت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے ہمایوں کبیر کی پارٹی، اے جے یو پی سے اپنا اتحاد توڑ دیا۔ ٹی ایم سی نے اس معاملے میں ای ڈی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح ہو کہ جمعہ کو منعقد ایک پریس کانفرنس میں، ترنمول کانگریس نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے ساتھ مل کر ممتا بنرجی حکومت کو شکست دینے کے لئے 1,000 کروڑ روپے کی ایک بڑی سازش رچی جا رہی ہے۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ یہ منصوبہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو شکست دینے کے لیے بنایا گیا تھا۔
•••ایم آئی ایم نے اتحاد توڑا۔
اس تنازعہ کے فوری سیاسی اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔ اسد الدین اویسی کی قیادت والی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے ہمایوں کبیر کی پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ 10 اپریل کو ایک بیان میں اے آئی ایم آئی ایم نے کہا، "ہمایوں کبیر کے انکشافات نے بنگال کے مسلمانوں کی کمزوری کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کو کسی ایسے بیان سے منسلک نہیں کیا جا سکتا جس سے مسلمانوں کے اتحاد اور سالمیت پر سوالیہ نشان ہو۔ آج سے، ہم نے کبیر کی پارٹی سے اپنا اتحاد واپس لے لیا ہے۔”
اے آئی ایم آئی ایم نے کہا، "بنگال میں مسلمان ملک کی سب سے غریب، سب سے زیادہ نظر انداز اور مظلوم برادریوں میں سے ایک ہیں۔ کئی دہائیوں کی سیکولر حکمرانی کے باوجود، ان کے لیے کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کا الیکشن لڑنے کا واحد مقصد محروم طبقوں کو ایک آزاد سیاسی آواز دینا ہے۔ اب ہم مغربی بنگال میں کسی بھی جماعت کے ساتھ آزادانہ طور پر اسمبلی انتخابات نہیں لڑیں گے۔”
•••ویڈیو میں کیا دعوے کیے گئے؟
ترنمول کانگریس کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں ہمایوں کبیر کو مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنا جا رہا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) سے رابطہ کیا تھا اور انہیں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے لیڈروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر سویندو ادھیکاری اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما ان لوگوں میں شامل ہیں۔
کبیر پر یہ بھی الزام ہے کہ ’’مسلمانوں کو بے وقوف بنانا بہت آسان ہے۔ بابری مسجد کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے مبینہ طور پر 200 کروڑ روپے کی پیشگی فنڈنگ کا مطالبہ کیا۔ ویڈیو میں ترنمول کانگریس سے اقلیتی ووٹوں کو ہٹانے کی حکمت عملی کا بھی ذکر ہے، جس سے بی جے پی کو ممکنہ طور پر فائدہ پہنچے گا۔ کبیر نے مبینہ طور پر 1000 کروڑ روپے کے ایک جامع منصوبے کا بھی ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ اس رقم میں سے 200 کروڑ روپے پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں۔ تاہم روزنامہ خبریں’ آزادانہ طور پر اس ویڈیو کی صداقت کی تصدیق نہیں کرتا ـ
•••ہمایوں کبیر نے کیا کہا؟
ہمایوں کبیر، جنہیں گزشتہ سال ترنمول کانگریس سے معطل کر دیا گیا تھا اور بعد میں عام جنتا اننان پارٹی (اے جے یو پی) کی تشکیل کی تھی، نے اس ویڈیو کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے اسے "AI سے تیار کردہ” قرار دیا اور ترنمول قیادت پر ان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے کا الزام لگایا۔
294 رکنی مغربی بنگال اسمبلی کے لیے انتخابات دو مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔







