لکھنؤ:
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو کہاکہ بھارت میں ہر کوئی بھگوان رام کی اولاد ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ جو یہ نہیں مانتا ، ان کا ڈی این اے ہی مشکوک ہے ۔ سی ایم آدتیہ ناتھ نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران گورکھپور میں یہ تبصرہ کیا۔
ایودھیا میں رام لیلا کے دوران انڈونیشیا کے مسلم فنکاروں کے ساتھ اپنی بات چیت کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ فنکاروں کے نام سنسکرت زبان سے تھے۔ اس کے پیچھے کی وجہ بتاتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ فنکاروں نے ان سے بتایا کہ وہ اسلام کو مانتے اور پیروی کرتے ہیں ، لیکن بھگوان رام ان کے آباؤ اجداد ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جب غیر ملکی مسلمان فنکار خو دکو بھگوان رام کی اولاد کہنے میں فخر محسوس کرتے ہیں تو پھر ہندوستان میں لوگ اس حقیقت کو ماننے سے کیوں انکار کرتے ہیں۔ سی ایم نے کہا ، ’ہمیں فخر ہونا چاہئے کہ رام ہمارے آباؤ اجداد تھے۔ اگر انڈونیشیا اس پر فخر کر سکتا ہے تو ہمیں کیا روک رہا ہے۔ ‘
یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے گورکھپور دورے کے دو ران کئی ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا اور کہا کہ ان کی سرکار کی توجہ صرف گورکھپور پر ہی نہیں بلکہ پورے پردیش پر ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پورانچل ایکسپریس وے، بندیل کھنڈ ایکسپریس وے اور گنگا ایکسپریس وے جیسے سڑک منصوبوں سے ریاست میں سب کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دہلی اور میرٹھ کے درمیان 12 لین کی سڑک تعمیر کی جائے گی تاکہ رابطہ بہتر ہو۔ آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹر ٹو لین اور فور لین سڑکوں سے جڑا جائے گا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین کی حفاظت اور ان کو بااختیار بنانے پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشن شکتی ، جو اکتوبر 2020 میں شروع کیا گیا تھا ، ریاست کی خواتین کو تحفظ کی ضمانت دینے کے ان کی حکومت کے منصوبے کا حصہ ہے۔ خواتین کی معاشی آزادی کے لیے وزیراعلیٰ نے بندیل کھنڈ میں خواتین کی طرف سے شروع کی گئی بالینی کی کامیابی پر روشنی ڈالی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس میں 22 ہزار سے زائد خواتین ورکرز دودھ سپلائی کرتی ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ دو سالوں میں 6 کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے ، اسی طرح کے تجربات گورکھپور ، ایودھیا ، بدایوں اور ملحقہ اضلاع میں کئے جائیں گے۔











