مہوبہ :
اترپردیش کے مہوبہ سے ایک دل دہلادینے والاواقعہ سامنے آیا ہے ۔ مہوبہ میں چھیڑ چھاڑ کی شکایت درج کرانے والی ایک خاتون کو ملزم کے پریوار والوں نے مٹی کا تیل ڈال کر آگ کے حوالہ کردیا ، خاتون کو سنگین حالت میں جھانسی کے میڈیکل کالج میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔ پولیس نے ملزم کی ماں کو حراست میں لے لیاہے اور ساتھ ہی پولیس دوسرے ملزمین کی تلاش میں مصروف ہے ۔
اطلاع کے مطابق یہ معاملہ مہوبہ ضلع کے ٹھٹھورا گاؤں کاہے ، جہاں گزشتہ دنوں ایک 30 سالہ خاتون نے اپنے پڑوس کے ہی ایک نوجوان کے خلاف کلہپاڑ تھانہ میں چھیڑ چھاڑ اور مارپیٹ کی شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد پولیس نے ملز م کو گرفتار کرلیا تھا ۔ اپنے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج ہونے اور اس کو حراست میں لئے جانے کی وجہ سے ملزم کے ماں باپ متاثرہ خاتون سے کافی ناراض تھے ۔
اتوار کی صبح جیسے ہی متاثرہ ملزم کے گھر کے پاس سے نکلی تو ملزم کے ماں باپ نے اسے پکڑ کر اس کے اوپر مٹی کا تیل ڈال دیا اور آگ لگا دی ۔ بعد میں خاتون کے ذریعہ چیخ وپکار مچائے جانے کے بعد کسی طرح گاؤں والوں نے آگ بجھائی لیکن متاثرہ کا جسم بری طرح جھلس گیا، جس کے بعد متاثرہ کو ضلع اسپتال میں بھرتی کرایا گیا لیکن بعد میں متاثرہ کو جھانسی میڈیکل کالج ریفر کردیا گیا ہے ۔
متاثرہ خاتون کو زندہ جلانے کی جانکاری ملتے ہی ضلع کے ایس پی سمیت کئی اعلیٰ افسران ضلع اسپتال پہنچ گئے ۔ متاثرہ کی شکایت پر ملزم کے ماں باپ کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا۔ معاملہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کی ماں کو حراست میں لے لیا اور اس کے باپ کی تلاش کی جارہی ہے ۔











