بلڈوزر جسٹس کے بعد، سپریم کورٹ اب اتر پردیش گینگسٹرس ایکٹ کی درستگی کی جانچ کرے گی۔ سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں اتر پردیش حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ ایکٹ پولیس کو شکایت کنندہ، پراسیکیوٹر اور فیصلہ کنندہ بننے اور ملزم کی تمام جائیداد ضبط کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ رہنما خطوط ترتیب دینے اور جرائم کے ملزم لوگوں کی جائیدادوں پر غیر قانونی بلڈوزنگ کی کارروائی پر پابندی لگانے کے سولہ دن بعد، جسٹس بی آر گوائی اور کے وی وشواناتھن کی اسی بنچ نے اتر پردیش گینگسٹرس اور اینٹی سوشل ایکٹیویٹیز (روک تھام) ایکٹ 1986 کے آئینی جواز کی جانچ کرنے پر رضامند ی ظاہر کی۔بنچ نے ایکٹ کے آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی عرضی پر یوپی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔
ایڈوکیٹ انصار احمد چودھری کے ذریعے دائر کردہ پی آئی ایل، ایکٹ کے سیکشن 3، 12 اور 14 کے ساتھ ساتھ 2021 کے ضوابط 16(3)، 22، 35، 37(3) اور 40 کو چیلنج کرتی ہے، جو مقدمات کے اندراج، جائیداد کی قرقی جانچ اور ٹرائل سے متعلق ہیں ـ