پٹنہ :
افغانستان پر طالبان کا قبضہ ہوگیا ہے ، لیکن اسے لے کر اب بھارت میں بھی سیاسی بیان بازی شروع ہوگئی ہے ۔ پہلے ایس پی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شفیق الرحمٰن برق نے طالبان کی حمایت کرتے ہوئے بیان دیا تھا ، جس پر تنازع پیدا ہوگیا اور کیس بھی درج ہوگیا اور اب بی جے پی ایم ایل اے ہری بھوشن ٹھاکر نے ایسا بیان دیا ہے، جس پر تنازع ہونا طے ہے ۔
بہار سے بی جے پی ایم ایل اے ہری بھوشن ٹھاکر بچول نے کہاکہ افغانستان کے حالات سے بھارت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ،لیکن جن لوگوں کو بھارت میں ڈر لگ رہا ہے وہ افغانستان چلے جائیں، وہاں پٹرول -ڈیزل بھی سستا ہے ۔
جے ڈی یو لیڈر غلام رسول بالیوی کے تمام مذاہب کے لوگوں کو بھارت لانے کے بیان پر جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ مذہب کے نام پر ملک تقسیم ہوگیا،یہ لوگ پھر بانٹیں گے ۔ اگر بھارت کے لوگ نہیں سنبھالے تو بھارت بھی افغانستان اور طالبان بن جائے گا۔ لوگ سمجھ نہیں رہے ہیں اور صرف ووٹ کے چشمے سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانیوں کو افغانستان کو دیکھنے اور اس سے سیکھنا چاہئے۔









