نئی دہلی :
دہلی کی ایک عدالت نے جنتر منتر پر مبینہ اشتعال انگیز اور مسلم مخالف نعرے لگانے کے سلسلے میں گرفتار تین افراد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کہا کہ ویڈیو میں ایسی زبان استعمال کی گئی ہے جو غیر جمہوری ہے اور اس ملک کے کسی شہری سے اس کی توقع نہیں ہے۔ اس سے قبل اسی کیس میں عدالت نے ملزم بی جے پی رکن اشونی اپادھیائے کی ضمانت منظور کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو جنترمنتر پر ایک پروگرام ’ نوآبادیاتی دور کے قوانین کے خلاف‘ ہوا تھا اور اس پروگرام کے کئی ویڈیوسامنے آئے تھے ۔ بھارتیہ پارلیمنٹ سے صرف چند میٹر کی دوری پر دہلی جنتر منتر پر ہوئے اس مارچ کے دوران مبینہ طور پر مسلم مخالف اور ان کے خلاف پرتشددکے لیے پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کی ہے ۔ اس ریلی میں دہلی پردیش بی جے پی کے سابق ترجمان اشونی اپادھیائے بھی شمل ہوئے تھے۔ کافی تنقید کے بعد منگل کو دہلی پولیس نے اشونی اپادھیائے سمیت 6 لوگوں کو گرفتار کرلیا تھا ۔











