لاہور: (ایجنسی)
پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ اداکارہ اور گلوکار پر مسجد میں ویڈیو شوٹ کرنے کا الزام ہے۔ عدالت نے سماعت 6 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں فنکاروں کے مسلسل غیر حاضر ہونے پر وارنٹ جاری کیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر اور اداکار بلال سعید کے البم کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔
حکومت پنجاب پاکستان نے مسجد کا تقدس پامال کرنے کی پاداش میں دو اعلیٰ عہدیداران کو برخاست کر دیا تھا۔ تنازعہ بڑھنے پر صبا قمر اور بلال سعید نے اس کے لئے معذرت بھی کی تھی۔ صبا نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا تھا ’’یہ ایک شادی کے سین والی میوزک ویڈیو تھی۔ اسے شوٹ کرتے وقت کسی بھی طرح کے پلے بیک میوزک کا استعمال نہیں کیا گیا اور نا ہی اس کے میوزک ٹریک کو ایڈیٹ کیا تھا۔‘‘
صبا قمر پاکستان کی معروف اداکارہ ہیں اور وہ بالی ووڈ میں بھی کام کر چکی ہیں۔ انہوں نے ’ہندی میڈیم‘ فلم میں عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا اور ان کی اداکاری کی خوب تعریف کی گئی تھی۔