نئی دہلی (ایجنسی)
ہندوستان نے 260 ہندوستانی شہریوں سمیت 550 سے زائد افراد کو کابل سے چھ مختلف پروازوں کے ذریعے نکالا ہے اور زیادہ تر ہندوستانی جو واپس جانا چاہتے ہیں انہیں واپس لایا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعہ کو معمول کی پریس بریفنگ میں یہ اطلاع دی۔
افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کے سوال پر بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایسا سوال کرنا ابھی قبل از وقت ہے، ہم یہ بات پوچھ کر جلدبازی کررہے ہیں۔ فی الحال افغانستان میں کسی نے سرکاری ہی نہیں بنائی ہے ۔ افغانستان کے حالات کو لے کر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزارت کے ترجمان اندرم باگچی نے یہ بات کہی۔ باگچی نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح لوگوں کو افغانستان سے بحفاظت نکالنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 550 سے زائد افراد کو براہ راست کابل سے یا تاجکستان کے دوشنبے کے ذریعے نکالا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جن 260 ہندوستانی شہریوں کو نکالا گیا تھا وہ ہندوستانی سفارت خانے کے ملازمین کے علاوہ تھے، جنہیں 17 اگست کو طالبان نے افغانستان پر قبضہ کرنے کے دو دن بعد نکالا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی حکومت نے دوسرے ممالک اور شراکت داروں کے ذریعے ہندوستانی شہریوں کو نکالنے میں بھی مدد کی ہے۔
انخلاء کے اس عمل میں ہم مختلف ممالک بالخصوص امریکہ کے ساتھ رابطے میں تھے، جو کابل ایئرپورٹ کو کنٹرول کر رہا ہے۔ ہماری فوجی پروازیں ایران کے ساتھ ساتھ کچھ دوسرے ممالک جیسے ازبکستان سے پرواز کرتی ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کتنے ہندوستانی افغانستان میں رہ گئے ہیں انہوں نےاس سوال کے جواب میں بتایاکہ یہ تعداد بدلتی رہتی ہے۔








