لکھنؤ :
یوپی اے ٹی ایس نے القاعدہ سے منسلک تین اور مبینہ دہشت گردوں کو بدھ کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یہ تینوں لکھنؤ کے ہی رہنے والےہیں۔ گرفتار ہوئے مبینہ دہشت گردوں کے نام شکیل ،محمد مستقیم اور معید ہے۔ انہیں پوچھ گچھ کے لیے اے ٹی ایس دفتر بلایا گیا تھا۔ اے ٹی ایس کو منہاج اور مشیرالدین سے تفتیش میں ان تینوں کے بارے میں جانکاری ملی ہے ۔ تینوں ملزمان القاعدہ سے جڑے انصار غزۃ الہند کے ممبرہیں۔ اے ٹی ایس نے بدھ کی صبح وزیر گنج جنتا نگر رہائشی شکیل کو وردا پارک کے پاس سے گرفتار کیا ہے۔
امراجالا کی رپورٹ کے مطابق اے ٹی ایس کے حکام کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے شکیل کی تلاش کی جار ہی تھی ۔ اس کی تلاش میں لکھنؤ کے کئی علاقوں میں دبش دی گئی لیکن وہ ہاتھ نہیںلگا۔ بدھ کی صبح شکیل کی لوکیشن وزیر گنج علاقے میں ملی۔ پیشہ سے ای رکشہ ڈرائیور شکیل کو اے ٹی ایس کی ٹیم نے وردا پارک کے پاس سے گرفتار کیا ۔ اے ٹی ایس کی ایک ٹیم اس کے موبائل کی ڈیٹیل کھنگال رہی ہے ۔ وہیں اس کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے ۔











