اسلام آباد :(ایجنسی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان رکن اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو سال کا بہترین کرکٹر قرار دیا ہے۔ اس سے قبل پیر کو ہی پاکستانی کپتان بابر اعظم کو سال کا بہترین ون ڈے کرکٹر منتخب کیا گیا تھا۔
سنہ 2004 میں آئی سی سی ایوارڈز کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی کرکٹر نے مجموعی طور پر بہترین کرکٹر یا بہترین ون ڈے کرکٹر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
بہترین کھلاڑی کی گیری سوبرز ٹرافی کے لیے شاہین آفریدی کا مقابلہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیے جانے والے انگلش کپتان جو روٹ، ٹی 20 کے بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے والے پاکستان کے ہی محمد رضوان اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سے تھا۔
شاہین آفریدی کو آئی سی سی نے اس سے قبل 2021 کی بہترین ٹیسٹ اور ٹی 20 ٹیموں میں بھی شامل کیا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے شاہین آفریدی کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ طوفانی بولنگ، رفتار اور سوئنگ کا بہترین نمونہ اور کچھ جادوئی لمحات کے ساتھ شاہین آفریدی کو 2021 میں روکنے والا کوئی نہ تھا۔
سال کے بہترین کرکٹر قرار دیے جانے پر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ‘میں نے کوشش کی کہ پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس دے سکوں۔ 2021 میں ہماری ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا۔ ہم نے کافی اچھے اچھے میچ جیتے۔ ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس دوں اور آگے بھی میری یہ کوشش جاری رہے گی۔‘