لکھنؤ:
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے یوپی کی یوگی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انتقام کی نیت سے اعظم خان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ اکھلیش نے کہا ہے کہ یوپی میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے لیے پیسے لیے جاتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اگر اعظم خان کو پھنساپائے تو افسروں کو اچھی پوسٹنگ دی جائے گی۔ اکھلیش نے کہاکہ وہ سی ایم تھے تو ان کے پاس بھی یوگی آدتیہ ناتھ کی فائل آئی تھی ۔
لکھنؤ میں ایک ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران اکھلیش یادو نے کہا کہ حالیہ حکومت نے ہمیں اپنے جیسا بنا دیا ہے۔ اب نظام یہ ہے کہ ڈی ایم اور ایس پی کو لگا دو اور ان سے جو من کراؤ ۔ افسر بھی بی جے پی کاکام کررہے ہیں ۔ کیا ایسے افسروں کو یہ سبق ملا ہے کہ وہ سرکار کی غلامی کریں۔
’ہمارے پاس بھی آئی تھی یوگی کی فائل ‘
اکھلیش یادو نے کہا کہ جب ایس پی حکومت برسر اقتدار تھی ، تب انہیں یوگی آدتیہ ناتھ کے اس کیس کی فائل بھی آئی تھی ، جو یوگی نے سی ایم بننے کے بعد واپس حاصل کرالیا۔ ہم نے ایسا کوئی کام نہیں کیا۔
اکھلیش یادو نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ یوپی میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے پیسے لئے جا رہے ہیں ۔ افسروں کو کہا جاتا ہے کہ اگر وہ اعظم خاں کو پھنساتے ہیں تو انہیں اچھی پوسٹنگ دی جائے گی۔
اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ سی ایم صبح 4 بجے اٹھ جاتے ہیں اور رات 11 بجے تک کام کرتے ہیں ، انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ وہ ایسے وقت میں کیا کرتے ہیں؟











