چندولی :
اترپردیش کے چندولی ضلع کے بتھرا کلاں گاؤں کے دلت بستی میں دبنگوں کے ذریعہ توڑ پھوڑ کرنے کامعاملہ سامنے آیا ہے ۔ جہاں معمولی تنازع کے بعد لاٹھی – ڈنڈے سے لیس ہو کر کچھ لوگوں نے صدر کوتوالی حلقہ کے دلت بستی پر حملہ بول دیا۔ اس دوران دبنگ نوجوانوں نے نہ صرف دلت بستی کے لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کی بلکہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا بھی الزام ہے ۔ وہیں مخالفت کرنے پر متاثرین کی جھونپڑیوں کو بھی آگ کے حوالہ کردیا۔
آتشزدگی کے واقعے میں گھر کا سارا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا، لیکن ویڈیو جمعہ کو منظر عام پر آئی۔ متاثرین کا الزام ہے فسادیوں کی شکایت کرنے پر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ایس پی چندولی امت کمار نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے حکم دیے، جس کے بعد کوتوالی پولیس نے جمعہ کو مقدمہ درج کیا۔ ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نے واقعہ کے حوالہ سے بتایاکہ متاثرہ فریق کے ذریعہ دی گئی درخواست کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، جس میں چار ملزمین کی گرفتاری گھی کی جاچکی ہے ۔
واقعہ کے کئی گھنٹوں کے بعد بھی پولیس نے شرپسندوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، لیکن جمعہ کو ویڈیو جاری ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ پورا معاملہ زمینی تنازع سے جڑا ہے۔ پولیس معاملے میں جانچ میں مصروف ہے۔










