سنبھل:
تاریخی شہرسنبھل سے تعلق رکھنے والے کہنہ مشق شاعر قمرسنبھلی کا ( 14 اگست2021) بروزہفتہ رات گیارہ بجے لکھنؤ کیپ ویل روڈ پر واقع مکان میں انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال کی خبر دنیائے شعر وفن کے لئے بڑی غمناک ثابت ہوئی، ان کی عمر80سال تھی ان کی پیدائش 1942ء میں ہوئی۔ مشہور شاعرظاہر حیدرآبادی سے ان کوشعری تلمذ حاصل تھا،ان کے والد قاری حکیم الدین سنبھلی تھے۔
دارالعلوم ندوۃ العلماء کے سابق شیخ التفسیر مولانا محمد برهان الدین سنبھلی کے یہ برادرخورد تھے ۔ ان کی مطبوعہ تصنیفات میں آواز کالمس ، پھول آنگن کے ، جز میرے خواب کے روشن روشن حرف،ادبی شخصیات میری نظر میں ہیں ، اور غیر مطبوعہ دس تصنیفات ہیں ، انہوں نے اپنے پیچھے تین صاحبزادیاں چھوڑی ہیں ، بڑی صاحبزادی مولانا محمد نعمان الدین ندوی ( مدیر معهد الدراسات العلمیہ ندوۃ العلماء کومنسوب ہیں۔
ان کی نماز جناز ہ دار العلوم ندوۃ العلماء کے مہتم مولانا ڈاکٹر سعید الرحمٰن اعظمی ندوی نے احاطہ دار العلوم میں پڑھائی اور ڈالی گنج قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔مولانا نعمان الدین ند وی اور اہل خانہ سے خصوصی تعزیت کی۔ شر کا ئےجنازہ میں ناظم ندوۃ العلماء مولاناسید محمد رابع ندوی کے علاوہ اہل تعلق کی ایک کثیر تعدادموجودتھی ۔










