نئی دہلی( آر کے نیوز)
این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ادارے سے کرپشن کا جڑ سے خاتمہ کردیا ہے ،جس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وعدہ کیا تھا،اب کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اور جان لیجئے میں کسی کے دباؤ میں کام نہیں کرتا۔انہوں نے ’روزنامہ خبریں‘ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
واضح رہے ڈاکٹر عقیل کی خدمات سے مطمین ہوکر وزارت تعلیم نے ان کی مدت کارکردگی میں مزید توسیع کردی ہے، 29ستمبر21کو ان کی مدت ختم ہورہی تھی،حالانکہ اردو کے بعض حلقے لگاتاران پر عدم فعالیت کا الزام لگاتے رہے ہیں مگر وزارت تعلیم نے ایک بار پھر اعتماد ظاہر کر کے ان کے منھ پر تالا لگادیا۔
سابقہ روڈمیپ کی تکمیل کے بارے میں کیے گئے سوال پر ڈاکٹر عقیل نے پر اعتماد لہجہ میں کہا کہ میں نے کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا۔ اردو کو گاؤں گاؤں پہنچانے کا عزم کیا تھا کورونا بحران کے باوجود پوری کوشش کی ،گرچہ ٹارگیٹ پورا نہیں ہوسکا کیونکہ کورونا نے پورے ملک کی رفتار سست کردی تھی۔
اس سوال پر کہ آپ کے پیش رو اور پھر آپ نے بھی اردو صحافت سمیت مختلف ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا اس پر پورے دور خاموشی رہی۔ ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ وہ پائپ لائن میں ہے اور اسے ہر حال میں پورا کیا جاے گا،اس میں بھی شفافیت رہے گی،حق دار کو حق ملے گا،آپ مطمئن رہیں۔اس الزام پر کہ اردو کونسل پر ہمیشہ مٹھی بھر لوگوں کا قبضہ رہا ہے اور وہی اس کے وسائل سے ’فیضیاب‘ کیے جاتے رہے ہیں کیا آپ نے اس پر قدغن لگائی۔؟ ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ جس طرف اشارے کررہے ہیں اس پر بھی کام کیا ہے،اب کوئی گروہ قابض نہیں، ہر ایک اپنی صلاحیتوں کے ساتھ بھرپور استفادہ کررہا ہے،کسی کو شکایت ہے توسامنے لائے، جب جب میٹنگ ہوتی ہے میں کہتا ہوں کہ پروفیسروں کے آمدنی کے ذرائع ہیں ان تک پہنچیں جو اہل اور مستحق ہیں،پہلے والے تاثر کو ختم کردیا ہے،انہوں نے یقین دلایا کہ وہ پوری اردو برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے ،تنقید اور اچھے مشوروں کا خیر مقدم ہے ۔خوامخواہ نکتہ چینی کرنے والوں کے تعلق سے کچھ نہیں کہنا، کونسل کو مزید فعال کارآمد بنانے کا سفر جاری رہے گا۔









