نئی دہلی:
غازی آباد واقع لونی میں بزرگ شخص کی پٹائی کے واقعہ کی ایک ویڈیو ٹویٹ کرنے پر اداکارہ سورا بھاسکر ، صحافی عارفہ خانم شیروانی ، آصف خان اور ٹوئٹر انڈیا کے ایم ڈی منیش مہیشوری کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی گئی ہے۔ وکیل امت آچاریہ نے دہلی کے تلک مارگ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ تاہم ، اس شکایت پر ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ ادھر دہلی پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔
اس سے پہلے اتر پردیش پولیس نے مائکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر ، ایک نیوز پورٹل اور چھ افراد کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیووائرل کرنے کے معاملے میں مقدمہ درج کیا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک بزرگ مسلمان غازی آباد میں کچھ لوگوں کے مبینہ حملے کے بعد اپنا غم بیان کررہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے لئے شیئر کی گئی تھی۔











