نئی دہلی:ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے الفلاح یونیورسٹی کے تمام ریکارڈز کے فرانزک آڈٹ کا حکم دیا ہے، جو دہلی دھماکے کے بعد زیر غور ہے، اس کے علاوہ ای ڈی اور دیگر مالیاتی تحقیقاتی ایجنسیوں سے ہریانہ کے ادارے کی منی ٹریل کی جانچ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
معروف ویب سائٹ Rediff. com نے پی ٹی آئی کے حوالہ سے بتایا کہ یہ فیصلے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد لیے گئے ہیں جس میں لال قلعہ کے قریب 10 نومبر کو ہوئے دھماکے کی جاری تحقیقات کی پیش رفت کا ڈیڑھ گھنٹے تک جائزہ لیا گیا جس میں 13 افراد کی جانیں گئیں اور متعدد زخمی ہوئے۔پی ٹی آئی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ الفلاح یونیورسٹی کے تمام ریکارڈ کا فرانزک آڈٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) اور دیگر مالیاتی ایجنسیوں کو بھی الفلاح یونیورسٹی کی منی ٹریل چیک کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
واضح ہو کہ دہلی کے قریب ہریانہ کے فرید آباد ضلع میں دھوج میں الفلاح یونیورسٹی ایک پرائیویٹ ادارہ ہے جس کے کیمپس میں ایک اسپتال بھی ہے۔ڈاکٹر عمر نبی، جو حکام کے مطابق، ہریانہ والی رجسٹریشن نمبر والی کار چلا رہا تھا جس میں دھماکہ ہوا، وہ بھی یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر کام کر رہاتھا۔ یونیورسٹی سے وابستہ تین ڈاکٹروں کو تحقیقاتی ایجنسیوں نے حراست میں لے لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی یونیورسٹیوں کی ایسوسی ایشن نے جمعرات کو الفلاح یونیورسٹی کی رکنیت معطل کردی ہے، ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 کے تحت ایک رجسٹرڈ سوسائٹی ہے جس میں ہندوستانی یونیورسٹیوں کی رکنیت ہے۔ یہ رکن یونیورسٹیوں کے منتظمین اور ماہرین تعلیم کو خیالات کا تبادلہ کرنے اور مشترکہ تشویش کے معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک فورم فراہم کرتا ہے۔











