نئی دہلی:(ایجنسی)
ہندوستان کے اسٹار اسپنر ہر بھجن سنگھ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا ہے۔ 41 سالہ ہربھجن سنگھ نے ہندوستان کی طرف سے 711 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ ٹربنیٹر کے نام سے مشہور ہر بھجن سنگھ سیاست کے میدان پر اپنی نئی اننگ کھیل سکتے ہیں۔ حال ہی میں ان کی تصویر پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ وائرل ہوئی تھی۔ ایسی خبریں ہیں کہ ہربھجن سنگھ پنجاب اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس کا دامن تھام سکتے ہیں۔
ہربھجن سنگھ ٹوئٹر پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا، ’سبھی اچھی چیزیں ختم ہوجاتی ہیں اور آج میں اس کھیل کو الوداع کہتا ہوں، جس نے مجھے زندگی میں سب کچھ دیا ہے، میں ان سبھی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے اس 23 سال کے لمبے سفر کو خوبصورت اور یادگار بنایا، آپ کا تہہ دل سے شکریہ‘۔ آئی پی ایل 2021 کے پہلے مرحلے میں ہربھجن سنگھ نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کی طرف سے کچھ مقابلے کھیلے تھے، لیکن لیگ کے متحدہ عرب امارات مرحلے میں انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔
ایسی خبریں ہیں کہ ہربھجن سنگھ آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں کسی بڑی فرنچائزی سے سپورٹ اسٹاف کے طور پر جڑ سکتے ہیں۔ ٹیم انڈیا کو دو عالمی کپ جتانے والے اس اسٹار اسپنر کو انہیں پنجاب پولیس نے تقریباً 10 سال پہلے ڈی ایس پی عہدے پر آفر دیا تھا۔ حالانکہ انہوں نے کبھی اسے قبول نہیں کیا۔ ہربھجن سنگھ نے ہندوستان کی طرف سے اپنا آخری مقابلہ سال 2016 میں کھیلا تھا۔ گزشتہ پانچ سالوں سے وہ ٹیم سے باہر چل رہے تھے۔
ہربھجن سنگھ نے 1998 میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی طرف سے ٹسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے ہندوستان کی طرف سے 103 ٹسٹ میچوں میں 417 وکٹ حاصل کئے۔ ہربھجن سنگھ نے دو سنچری کی مدد کے ساتھ 2235 رن بھی بنائے۔ 236 ونڈے میچوں میں ان کے نام 269 وکٹ درج ہے۔ ٹی-20 انٹرنیشنل کی بات کریں تو انہوں نے 28 میچوں میں 25 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ انل کمبلے (619)، کپل دیو (434) اور روی چندرن اشون (427) کے بعد ہربھجن سنگھ نے ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹسٹ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ آئی پی ایل کے اس گیند باز کے نام 150 وکٹ درج ہے۔