نئی دہلی :(ایجنسی)
اتوار کو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے اس میچ میں جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ ساتھ ہی افغانستان اور ہندوستان دونوں اس ریس سے باہر ہو گئے ہیں ۔ حالانکہ ہندوستان نے ابھی اپنا آخری میچ نمیبیا کے خلاف کھیلنا ہے، لیکن اس میچ میں جیت سے بھی وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم سیمی فائنل میں نہیں پہنچ پائے گی ۔
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ نجیب اللہ زادران کی شاندار نصف سنچری کے باوجود ٹیم 20 اوورس میں 8 وکٹوں پر 124 رنز ہی بنا سکی۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے 18.1 اوورس میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو حاصل کر لیا۔ ان کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے ناٹ آوٹ 40 رنوں کی اننگز کھیلی ۔ انہوں نے ڈیون کونوے (36*) کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری بھی کی ۔
125 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 26 رنز کے اسکور پر گر گئی۔ سلامی بلے باز ڈیرل مچل (17) کو مجیب نے وکٹ کے پیچھے محمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا ۔ مچل نے 12 گیندوں میں 3 چوکے لگائے ۔ اس کے بعد مارٹن گپٹل اور کپتان کین ولیمسن نے مل کر اسکور کو 50 رنز سے آگے بڑھایا۔ گپٹل نے 23 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ راشد خان نے انہیں اننگز کے 9 ویں اوور کی 5 ویں گیند پر بولڈ کیا۔
اس سے قبل نجیب اللہ نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ انہوں نے 48 گیندوں میں 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ صرف گلبدین نائب اور کپتان نبی ہی دوہرے ہندسے کو چھو سکے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 جبکہ ٹم ساؤتھی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم ملنے، جیمز نیشم اور ایش سودھی نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ افغانستان نے 19 رنز پر اپنی 3 وکٹیں گنوا دیں جس کا اثر اس کی پوری اننگز میں نظر آیا۔ پاور پلے میں وہ صرف 23 رنز ہی بنا سکے اور اس دوران وہ محمد شہزاد (4)، حضرت اللہ زازئی (2) اور رحمان اللہ گرباز (6) کی وکٹیں گنوا بیٹھے۔