محمد جاوید قاسمی
12 جولائی 2021 کو مولانا شادان کانپوری کے ذریعہ وہاٹس ایپ پر ایک خبر موصول ہوئی جو اہل علم کے لیے ایک اچھی و حوصلہ افزا خبر تھی، خبر کے مطابق دار العلوم وقف دیوبند کی علمی و تحقیقی اکیڈمی حجۃ الاسلام کی جانب سے چار اہم مطبوعات، ’فتاویٰ دارالعلوم وقف کی دو جلدیں‘ ، ’قصائد قاسمی‘، ’انتصار الاسلام‘ ( انگریزی) اور ’موقف الامام محمد قاسم النانوتوی‘ (عربی) کا اجرا عمل میں آیا ہے۔
اس خبر سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ابھی مزید بیس کے قریب کتابیں منظر عام پر جلد ہی آنے والی ہیں ۔ یقیناً یہ اہل علم کے کے لیے ایک مسرت آمیز خبر ہے ۔
حجۃ الاسلام اکیڈمی نے ابتدا سے ہی ایک معیاری کام انجام دیا ہے۔ اکابر دارالعلوم کی فکر سے نئی نسل کو روشناس کرانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس اکیڈمی کی جانب سے اب تک 25 کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں ۔ جو علمی و تحقیقی میدان میں اعلی مقام رکھتی ہیں۔ طباعت کے سلسلے میں ایک ایسا معیار پیش کیا ہے کہ دوسرے نقل پر مجبور ہوگئے ۔ اس کی ہر کتاب کو اہل علم کی محفل میں قبولیت و پذیرائی حاصل ہوئی ۔
مذکورہ چار اہم مطبوعات کا رسم اجرا اور مزید بیس کتابوں پر کام اکیڈمی کی جانب سے کورونا کے دور میں اس وقت عمل میں آیا جب ساری دنیا میں تالا لگا ہوا تھا ، علمی درسگاہیں بند تھیں، اسکول، کالج و مدارس میں کسی قسم کی چہل پہل نہ تھی، چاروں طرف ماتم و مایوسی کی فضا چھائی ہوئی تھی، عزیز و اقارب، اساتذہ دنیا سے رخصت ہورہے تھے۔ اگر چاہتے تو یہ لاک ڈاؤن یوں ہی گذار دیتے لیکن اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا شکیب قاسمی کی منفرد فکر، جفاکشی، ذاتی لگن، ان کے علمی و تحقیقی شوق اور ہمت کو سلام کہ انہوں نے لاک ڈاؤن کے ایام کو مفید بنا کر اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر یہ عظیم کام انجام دیا ۔ سچ ہے اگر فکر کے ساتھ حوصلہ بلند ہو اور شوق بھی کامل ہو تو نامساعد حالات بھی سازگار بن جاتے ہیں، اور ایسے عظیم کارنامے انجام پاجاتے ہیں کہ دنیا حیران و ششدر ہوکر رہ جاتی ہے، قلم کار اس کی تعریف و توصیف میں اپنا قلم اٹھانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
اکیڈمی کی جانب سے منظر عام پر آنے والی چار مطبوعات میں ایک فکر دیوبندیت کے روح رواں مولانا محمد قاسم نانوتوی کی کتاب انتصار الاسلام کا انگریزی ترجمہThe Irrecusable Answer بھی شامل ہے۔ یہ ایک اہم کتاب ہے۔ اس میں اسلامی عقائد و احکامات پر کیے جانے والے دس اعتراضات کے نقلی دلائل کے ساتھ عقلی و فلسفیانہ جوابات دیے گئے ہیں ۔ موجودہ حالات کے اعتبار سے یہ ایک اہم کتاب ہے ۔ اسلام پر اعتراض کرنے والوں کو اس کتاب میں تسلی بخش جواب ملیں گے۔ میری معلومات کے مطابق مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ کی یہ پہلی کتاب ہے جس کا انگریزی میں ترجمہ ہوا ہے ۔
اکیڈمی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے خاص کر اس کے روح رواں مولانا شکیب قاسمی جو اس عظیم کام کا ایک اہم کردار ہیں۔ اللہ رب العزت سب کو سلامت رکھے اور مزید ہمت و حوصلہ سے نوازے!
(حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کانپور )