نئی دہلی :(ایجنسی)
ہندوستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی نے 26 دسمبر سے شروع ہونے والی ہندوستانی ٹیم کے آئندہ جنوبی افریقہ دورہ سے پہلے میڈیا سے خطاب کیا۔ اس دوران کوہلی نے واضح لفظوں میں کہا کہ وہ تین میچوں کی یک روزہ سیریز کے لیے دستیاب رہیں گے اور اس کے برعکس کبھی بھی بریک نہیں مانگا تھا۔ کوہلی نے مزید کہا کہ ’’پانچوں سلیکٹرس نے فیصلہ کیا ہے کہ میں وَنڈے کا کپتان نہیں رہوں گا۔ پہلے سے مجھے اس بارے میں کوئی جانکاری نہیں تھی۔ وَنڈے سیریز کے لیے میں دستیاب ہوں۔‘‘
کوہلی کا کہنا ہے کہ ’’سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ سے ڈیڑھ گھنٹے پہلے مجھ سے رابطہ کیا گیا۔ چیف سلیکٹر نے ٹیسٹ ٹیم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ پھر میٹنگ ختم کرنے سے پہلے مجھے بتایا گیا کہ میں وَنڈے کا کپتان نہیں رہوں گا اور مجھے کوئی پریشانی نہیں تھی۔ لیکن پہلے کوئی جانکاری نہیں دی گئی تھی۔‘‘
واضح رہے کہ 8 دسمبر کو جنوبی افریقہ دورہ کے لیے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے اعلان کے ساتھ ہی وراٹ کوہلی سے وَنڈے کی کپتانی چھین کر روہت شرما کو دے دی گئی۔ اس کے بعد سے ہی بی سی سی آئی کے اس فیصلے پر تنازعہ چل رہا ہے۔ کرکٹ ماہرین کی بھی اس میں الگ الگ رائے ہے، کچھ کوہلی کو ہٹائے جانے کو درست ٹھہرا رہے ہیں تو کوئی اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف افتتاحی ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک سپراسپورٹ پارک سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ جوہانسبرگ کا وانڈررس اسٹیڈیم آئندہ سال 3 سے 7 جنوری کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا میزبان ہوگا۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری کے درمیان کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ کے علاوہ ہندوستان تین میچوں کی وَنڈے سیریز بھی کھیلے گا، جب کہ ٹی-20 سیریز کو بعد کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔