دبئی:(ایجنسی)
محمد رضوان کے لئے سال 2021 شاندار رہا۔ وہ ٹی20 میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ اس درمیان آئی سی سی نے سال 2021 کے لئے ٹی20 کے بہترین چار کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ اس میں محمد رضوان اور جوس بٹلر سمیت چار کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے۔ حالانکہ کوئی ہندوستانی کھلاڑی اس فہرست میں جگہ نہیں بناسکا ہے۔
پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی بات کریں تو انہوں نے اس سال ٹی20 انٹرنیشنل کے 29 میچوں میں 74 کی اوسط سے 1326 رن بنائے اور ایک سنچری بھی لگائی۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 135 کا رہا۔ ٹی20 عالمی کپ میں ٹیم انڈیا کے خلاف ناٹ آوٹ 79 رنوں کی اننگ ان کی بہترین اننگوں میں سے ایک رہی۔ انہوں نے 55 گیندوں پر 6 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس وجہ سے پاکستان کی ٹیم عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہندوستان کو شکست دینے میں کامیاب رہی۔
سری لنکا کے آل راؤنڈر وانندو ہسارنگا کے لئے بھی یہ سال شاندار رہا ہے۔ وہ 20 میچ میں 12 کی اوسط سے 36 وکٹ لے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک نصف سنچری کے سہارے 196 رن بھی بنائے۔ انہوں نے عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی لی تھی۔ وہ ابھی صرف 24 سال میں ہیں۔ ایسے میں ان کے پاس ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔ وہ آئی پی ایل 2021 میں بھی اترے تھے۔
آسٹریلیا کے مچیل مارش بھی اعزاز کے لئے نامزد ہوئے ہیں۔ انہوں نے 27 میچ میں 37 کی اوسط سے 627 رن بنائے۔ اس تیز گیند باز نے 8 وکٹ بھی حاصل کئے۔ ٹی20 عالمی کپ کے فائنل میں انہوں نے 50 گیندوں پر ناٹ آوٹ 77 رن بنائے تھے۔ چھ چوکے اور 4 چھکے لگائے تھے۔ یہ ان کی یادگار اننگوں میں سے ایک ہے۔ وہیں انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر نے 65 کی اوسط سے 589 رن بنائے۔ ایک سنچری بھی لگائی اور 13 وکٹ بھی حاصل کئے۔