کراچی :(ایجنسی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے صدر رمیز راجہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سرد ردعمل کے باوجود ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے ساتھ ہر سال چار ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ پی سی بی کے معتبر ذرائع نے بتایا کہ رمیز راجہ اب بھی اپنی تجویز پر کام کر رہے ہیں اور انہوں نے کچھ دیگر اہم بورڈوں کے عہدیداروں سے بھی بات چیت کی ہے ۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے رمیز کی تجویز کو مسترد کردیا تھا ، لیکن اب کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا کہ ہم ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ سہ رخی سیریز کے انعقاد پر غور کرنے کے لئے تیار ہیں۔
نک ہاکلے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے راولپنڈی آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ اس کو حقیقی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ ہاکلے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو کرکٹ آسٹریلیا یقینی طور پر اس تجویز پر غور کرنے اور پاکستان، ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سہ رخی سیریز کی میزبانی پر غور کرنے کے لئے تیار ہے۔ پہلے بھی اس طرح کا کامیاب انعقاد ہو چکا ہے ، لیکن بی سی سی آئی اس کے لئے تیار ہوگا ، یہ دیکھنے والی بات ہوگی۔
آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے ۔ اسے یہاں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنا ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا۔ وہیں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز طویل عرصے سے نہیں کھیلی جا رہی ہے۔ صرف آئی سی سی یا بڑے ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوتی ہیں ۔