ممبئی:(ایجنسی)
نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) نے ممبئی سے گوا جا رہے ایک کروز پر ہفتہ کی شام چھاپہ ماری کرکے ڈرگس پارٹی کرتے ہوئے 12 لوگوں کو حراست میں لیا ہے، جس میں 9 مرد اور 3 لڑکیاں شامل ہیں۔ ان میں سب سے بڑا نام شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کا ہے، جن سے این سی بی نے حراست میں پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ این سی بی ذرائع کے مطابق، پوچھ گچھ میں آرین خان نے مانا کہ وہ اس پارٹی کا حصہ تھا۔ اس نے یہ بھی مانا کہ اس سے غلطی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق، آرین نے شوقیہ طور پر ڈرگس کے استعمال کی بات بھی قبول کی ہے۔
وہیں ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کی حراست سے متعلق مشہور وکیل ستیش مانشندے سے رابطہ کیا ہے، جن کی ٹیم فی الحال این سی بی دفتر میں موجود ہے، حالانکہ اس بارے میں فی الحال نہ تو این سی بی اور نہ ہی شاہ رخ خان کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان آیا ہے۔ این سی بی ذرائع کے مطابق، ابتدائی پوچھ گچھ میں اداکار کے بیٹے نے بتایا تھا کہ اسے کروز پر صرف وی آئی پی گیسٹ کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اسے اس بات کی بالکل بھی خبر نہیں تھی کہ کروز پر ڈرگس پارٹی ہونے والی ہے۔
ذرائع کے مطابق، آرین نے یہ بھی بتایا کہ کروز پر آنے کے لئے ان سے کسی بھی طرح کی کوئی فیس نہیں لی گئی تھی اور انہیں پارٹی کا صرف چہرہ بنایا گیا تھا۔ حالانکہ اس کے بعد این سی بی افسران نے اس کا موبائل فون ضبط کرلیا، جس میں ڈرگس چیٹس ملے۔ اس کے بعد اس نے شوقیہ طور پر ڈرگس لینے کی بات قبول کرلی ہے۔ ابھی تک کی اطلاع کے مطابق، اس پارٹی میں شامل ہونے کے لئے 80 ہزار روپئے فیس لی گئی تھی۔ این سی بی کے ذرائع کے مطابق، اداکار کے بیٹے کے پاس سے بھی کچھ ڈتگس برآمد ہوئی ہے۔ این سی بی کی ٹیم اب اداکار کے بیٹے کے ذریعہ دیئے گئے بیان کی تصدیق کر رہی ہے۔
ممبئی سے گوا جا رہے ایک جہاز میں پارٹی کا انعقاد کرنے والے منتظمین کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے سمن جاری کیا ہے۔ این سی بی ذرائع کے مطابق، اس پارٹی کو 6 لوگوں نے مل کر منعقد کیا تھا۔ سبھی کو 11 بجے این سی بی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔