نئی دہلی :
کورونا وبا کی دوسری لہر کے قہرسے پورا ملک پریشان ہے ، ملک کا صحت نظام جو پہلے سے ہی کمزور تھا پوری طرح بکھر گیا ہے ۔ ایسے مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے خود شہریوں نے اب کمر کس لی ہے، اس ضمن کئی تنظیمیں اورافراد انسانوں کی جان بچانے کے لیے دن رات کوششیں کررہے ہیں ۔
ملک گیر سطح پر سرگرم تنظیم ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت کام کرنے والی دو ذیلی تنظیمیں’ میڈیکل سروس سوسائٹی‘ اور آفات سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والی سوسائٹی ’فار برائٹ فیوچ‘اس وقت پوری طرح سے میدان سنبھال لیا ہے اور اپنے محدود وسائل کے باوجود موثر ڈھنگ سے کام کررتی دیکھی جاسکتی ہیں ۔
ہیو من ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہیلتھ منیجر ڈاکٹر عارف ندوی نے بتایا کہ میڈیکل سروس سوسا ئٹی کی جانب سے کئی اقدامات کیے جارہے ہیں مہاراشٹر کے ناگپور میں کووڈ ’کیئر سینٹر ‘قائم کیا گیا ہے جہاں سے سیکڑوں لوگوں کو میڈیکل مدد پہنچائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کسی بھی صورت سے کووڈ مریضوں کو فوری راحت پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
واضح ہو کہ ایم ایس ایس کے ناگپور سینٹر کا مہارشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ د یویندر فڈنویس نے بھی معائنہ کیا اور اس کی تعریف کی ہے۔ ایم ایس ایس نے دہلی میں غیر کووڈ مریضوں کے لیے علیحدہ مفت ایمبولینس سروس کا بھی انتظام کیا ہے ۔ 9015932545 اور 9811954910 پر مفت ایمبولینس سروس لی جاسکتی ہے ۔ جامعہ نگر میں قائم دہلی الشفا ہاسپٹل دن رات خدمت میں مصروف ہے جہاں کووڈ کے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ناگہانی آفات کے مواقع پر راحت اور باز آبادکاری کے لیے کام کرنے والی ہماری تنظیم ’سوسائٹی فار برائٹ فیوچر‘ کے والینٹیئرس جامعہ نگر میں سڑکوں کے کنارے ہیلپ ڈیسک لگا کر لوگوں کی مدد کر رہے ہیں ۔ اس ہیلپ ڈیسک سے روزانہ درجنوں لوگ آکسیجن ، اسپتالوں میں بیڈ اور دوسری مدد حاصل کر رہیں ۔








