دیوبند: (سمیر چودھری)
ہاٹ سیٹ بننی دیوبند اسمبلی میں سماج وادی امیدوار کے طور پر جمعہ کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے سابق ایم ایل اے معاویہ علی کا پرچہ نامزدگی منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ سماج وادی پارٹی کے امیدوار کے طور پر سابق ریاستی وزیر راجندر سنگھ کے بیٹے کارتکیہ رانا کا پرچہ نامزدگی قبول کرلیا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ دیوبند سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ کو لے کر کئی دنوں سے زبردست رسہ کشی چل رہی تھی اور نامزدگی کے آخری دن سابق ایم ایل اے معاویہ علی نے سماج وادی امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا، جس کے بعد معاملے نے کافی ڈرامائی موڑ لے لیا تھا، جس کے بعد مظفر نگر سے اکھلیش یادو کو یہ واضح کرنا پڑا کہ دیوبند سے ہمارے امیدوار کارتکیہ رانا ہی ہیں۔
ہفتہ کو پرچہ نامزدگی کی جانچ کے دوران سابق ایم ایل اے معاویہ علی کے کاغذات کو منسوخ کر دیا گیا ہے ،جبکہ کارتکیہ رانا کا پرچہ قبول کر لیا گیا ہے۔ تاہم معاویہ علی کے بیٹے حیدر علی کی بطور آزاد امیدوار کی نامزدگی قبول کر لی گئی ہے۔
دوسری طرف کانگریس کے راحت خلیل اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے عمیر مدنی، بی جے پی کے کنور برجیش سنگھ اور بی ایس پی کے چودھری راجندر سنگھ کے پرچے بھی درست پائے گئے۔