جدہ :(ایجنسی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹسمین محمد رضوان کو ’ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر‘ یعنی سال 2021 کا سب سے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی قرار دیا ہے۔
انھوں نے محمد رضوان کے شاندار کھیل کی تعریف کی اور انھیں ایک بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ رضوان یقیناً سال 2021 میں اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے۔
محمد رضوان نے یہ ایوارڈ پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کے نام کرتے ہوئے ٹویٹ کی ’الحمدو للہ۔ بس اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا۔‘ انھوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ سب لوگوں کی حمایت اور محبت کے لیے شکر گزار ہیں اور ’انشااللہ یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے۔‘
یاد رہے اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی محمد رضوان کو وکٹ کیپر اوپنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
سنہ 2021 محمد رضوان کے لیے یادگار ترین سال ثابت ہوا تھا، جس میں انھوں نے 29 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1326 رن بنائے تھے، جو گذشتہ سال کسی بھی بیٹسمین کے بنائے گئے سب سے زیادہ رن تھے۔