نئی دہلی:(ایجنسی)
سال 2021 میں ٹی-20 کرکٹ میں دنیا کو پاکستان کے سلامی بلے باز محمد رضوان کے طور پر نیا ستارہ ملا۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹی-20 انٹرنیشنل کے علاوہ گھریلو اور لیگ کرکٹ میں بھی کہرام مچایا ہے۔ انہوں نے جمعرات کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی-20 انٹرنیشنل میچ میں 87 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ اس کے ساتھ ان کے 2021 میں ٹی-20 کرکٹ میں 2000 سے زیادہ رن ہوگئے ہیں۔ ایک کلینڈر ایئر میں اس مقام کو حاصل کرنے والے وہ دنیا کے پہلے بلے باز ہیں۔
محمد رضوان کے سال 2021 کے ٹی-20 کی کارکردگی کو دیکھیں تو وہ 2036 رن بناچکے ہیں۔ ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم دوسرے، کرس گیل تیسرے، وراٹ کوہلی چوتھے مقام پر ہیں۔ بابر اعظم نے بھی سال 2021 میں 1779 رن بناڈالے ہیں۔ وہیں ویسٹ انڈیز کے طوفانی بلے باز کرس گیل نے سال 2015 میں 1665 رن بنائے تھے۔ ہندوستانی ٹسٹ کپتان وراٹ کوہلی نے سال 2016 میں 1614 رن بنائے تھے۔
محمد رضوان اس سال ٹی-20 انٹرنیشنل میں 26 اننگوں میں 1326 رن بناچکے ہیں۔ ایک سنچری اور 12 نصف سنچری لگائی ہے۔ ناٹ آوٹ 104 رنوں کی سب سے بڑی اننگ کھیلی ہے۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 135 رنوں کا رہا ہے۔ اس دوران وہ 119 چوکے اور 42 چھکے لگا چکے ہیں۔ وہ ایک سال میں ٹی-20 انٹرنیشنل میں 100 چوکے لگانے والے واحد بلے باز ہیں۔ محمد رضوان ایک سال میں ٹی-20 انٹرنیشنل میں 1000 سے زیادہ رن بنانے والے پہلے بلے باز ہیں۔ وراٹ کوہلی، روہت شرما، ڈیوڈ وارنر اور کرس گیل جیسے عظیم بلے باز بھی ایک سال میں ٹی-20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنوں کا اعدادوشمار نہیں چھو سکے ہیں۔ کوہلی نے سال 2016 میں سب سے زیادہ 641 رن بنائے تھے۔ گیل تو 500 رن بھی نہیں بناسکے ہیں۔