’میاں بھائی‘ ریپ سے نام کمانے والے حیدرآبادی ریپر روحان ارشد نے میوزک انڈسٹری کو الوداع کہہ دیاہے۔ 2018 میں ‘’میا بھائی‘ ریپ گانے سے تہلکہ مچانے والے ریپر روحان ارشد نے کہاکہ موسیقی اسلام میں حرام ہے اوروہ اب صرف حلال کام کریں گے ، حرام نہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل ’ روحان ارشد آفیشیل ‘ پر انہوں نے موسیقی کی دنیا کو چھوڑنے کا اعلان کیا ۔ ان کے چینل پر 2.34ملین (تقریباً 23 لاکھ) سبسکرائبر ہیں۔
اپنی سات منٹ کی ویڈیو میں ارشد نے کہا کہ مجھے اپنے فیصلے پر پورا بھروسہ ہے اور اس کا اعلان کرتے وقت میرے ذہن میں کوئی دوسرا خیال نہیں آیا۔ میں میوزک انڈسٹری کو مکمل طور پر چھوڑ رہا ہوں اور اب سے میں مزید میوزک ویڈیو کبھی نہیں بناؤں گا۔ میں جانتا ہوں کہ موسیقی اسلام میں گناہ ہے لیکن یہ میرا جنون تھا جس کی وجہ سے میں یہاں تک آیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ صرف میوزک انڈسٹری چھوڑ رہے ہیں یوٹیوب نہیں۔ انہوں نے موسیقی کے سفر میں اپنے مداحوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان سے تجاویز بھی طلب کیں کہ آئندہ کس قسم کے مواد پر کام کیا جائے، یہی نہیں بلکہ ارشد نے میوزک انڈسٹری میں کام کرنے والے اپنے فالوورز سے بھی ایسا کرنے کی اپیل کی۔ ارشد نے کہا کہ جو لوگ اس انڈسٹری میں آئے ہیں وہ موسیقی کی دنیا کو بھی الوداع کہہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم کچھ کریں گے تو حلال کام کریں گے، حرام نہیں۔
بتادیں کہ ریپ سانگ’میاں بھائی‘ سے یوٹیوب پر ریپر ارشد راتوں رات اسٹار ہو گئے تھے۔ اب تک اس ویڈیو کو 500 ملین ویوز مل چکے ہیں۔ حالانکہ جیسے ہی ارشد نے میوزک انڈسٹری چھوڑنے کااعلان کیا،ان کے فینس مختلف ردعمل کا اظہارکرنا شروع کردیا۔ کچھ نے ان کےفیصلے کی تعریف کی اورکچھ نے اس فیصلے پر تنقید کی۔