نئی دہلی :
دہلی کے مختلف بارڈر پر کسانوں کا دھرنا کئی ماہ سے جاری ہے،گرمی بارش اور سردی کا گزرا موسم بھی ان کے حوصلے نہیں توڑ سکا۔دوسری طرف سرکار نے ان کے مطالبات کے تئیں سرد مہری اختیار کر رکھی ہے، مگر کسانوں کو غیر بی جے پی پارٹیوں کی بھرپور حمایت مل رہی ہے۔
غازی پور بارڈر پر ہزاروں کسان موجود ہیں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سوشلسٹ پارٹی انڈیا کے لیڈر سندیپ پانڈے، سید تحسین احمداور فیصل خان اپنے ممبران و کارکنان کے ساتھ یہاں پہنچے۔
اس موقع پر معروف سماجی کارکن اور پارٹی کی دہلی اکائی کے صدر سید تحسین احمد نے کسانوں کے مطالبات کی زور دار حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف کسانوں کا آندولن نہیںبلکہ ملک کے تمام کمزور و مظلوم طبقوں کا ہے،یہ ہر فرد اور ہر برادری کا ہے،جہاں تک ان کی پارٹی کا تعلق ہے وہ آخری دم تک کسانوں کا ساتھ دے گی،جب تک کہ تینوں کالے قوانین واپس نہ لے لئے جائیں۔
نوجوان لیڈر سید تحسین احمد نے آگے کہا کہ یہ لڑائی ملک کے ہر شخص کی لڑائی ہے اس لیے ملک کے عوام تمام کمزور طبقات خصوصاً مسلمان کسان آندولن کا بھر پور ساتھ دیں، بلکہ انقلابی کردار ادا کریں ،مسلم تنظیمیں بھی وقت کے تقاضوں کو سمجھیں اورکسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں،انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرکار گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگی اور کسان فتحیاب ہوں گے۔










