ٹیوکیو :
ہندوستان کے نشاد کمار نے ٹوکیو میں جاری پیرالمپک کھیلوں میں ملک کو سلور میڈل دلایا ہے ۔ نشاد نے مردوں کے ہائی جمپ ٹی 47 میں ملک کو سلور میڈل دلایا ۔ نشاد نے اس مقابلہ کے فائنل میں 2.06 میٹر کی جمپ لگائی اور اسی سال کے ایشین گیمز ریکارڈ کی بھی برابری کی ۔ ہندوستان کا یہ ان کھیلوں میں دوسرا میڈل ہے ۔
وزیر اعظم مودی ، کھیل وزیر انوراگ ٹھاکر اور پیرالمپیک کمیٹی کی سربراہ دیپا ملک نے نشاد کو اس بہترین کارکردگی کیلئے مبارکباد دی ہے ۔ وزیر اعظم نے ٹویٹر پر لکھا : ٹوکیو سے ایک اور خوشخبری آئی ہے ۔ نشاد کمار نے مردوں کی اونچی کود ٹی 47 میں سلور میڈل جیتا ، جس سے کافی خوش ہوں ۔ وہ اپنے بہترین اسکل اور محنت کے دم پر ایک بہترین ایتھیلیٹ بنے ہیں ۔ انہیں بہت مبارکباد ۔
بتادیں کہ اسی مقابلہ کے فائنل میں ہندوستان کے دوسرے پیرا اتھیلیٹ چاہر پانچویں نمبر پر رہے ۔ حالانکہ انہوں نے اپنی سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 1.94 میٹر کی جمپ لگائی ۔
نشاد سے پہلے ٹیبل ٹینس کھلاڑی بھاونا بین پٹیل نے سلور میڈل جیت کر ٹوکیو پیرا لمپک کھیلوں میں ہندوستان کے میڈل کا کھاتہ کھولا تھا ۔ بھاونا کو وومین سنگلز کلاس چار کے فائنل میں چین کی جھاو ینگ کے ہاتھوں 11-7, 11-5, 11-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔