اگرتلا:
مغربی بنگال بی جے پی میں مکل رائے کے بعد کئی ایم ایل اے کے واپس ٹی ایم سی میں شامل ہونے کی خبروں سے پریشان بی جے پی کے سامنے ایک اور آفت آگئی ہے۔ تریپورہ میں ناراض چل رہے بی جے پی کے کچھ غیرمطمئن لیڈر پر ٹی ایم سی کی نظر ہے اور وہ ان کے درمیان پہنچ رہی ہے۔ مغربی بنگال کی ہی طرح تریپورہ میں بھی بی جے پی کے غیر مطمئن لیڈروں کوٹی ایم سی میں لانے کا کام مکل رائے کو سونپا گیا ہے ۔ مکل رائے پہلے بھی شمال مشرق میں ٹی ایم سی کی جڑیں مضبوط کرنے کا کام کرچکے ہیں۔
یہ مکل رائے ہی تھے جو 2016 میں تریپورہ میں کانگریس کے 6 ایم ایل اے کو توڑ کر ٹی ایم سی میں لائے تھے اور بعد میں انہیں بی جےپی میں لے گئے تھے۔ مغربی بنگال کےاسمبلی انتخابات میں بڑی جیت حاصل کرنے کے بعد ٹی ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ بنگال کے باہر بھی اپنی توسیع کرے گی اور تریپورہ میں مکل رائے کی سرگرمی یہ ظاہر بھی کرتا ہے ۔
بی جے پی لیڈرپہنچے اگرتلا
تریپورہ بی جے پی میں ناراض لیڈروں پر ٹی ایم سی کی نظر ہونے کی خبر سے بی جے پی ہائی کمان بھی حرکت میں آگیا ہے اور جنرل سکریٹری (تنظیم) بی ایل سنتوش اور شمال مشرق میں بی جے پی کے تنظیم سکریٹری اجے جموال بدھ کو اگرتلا پہنچ گئے اور ریاست کے سینئر لیڈروں اور ایم ایل اے سے ملاقات کی۔











