اسلام آباد : (ایجنسی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز سیکورٹی خدشات کے باعث آج منسوخ کردی گئی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو پاکستان آئی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکورٹی کے لیے مکمل حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکورٹی انٹیلی جنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکورٹی کا خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ‘نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سیکورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی، میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کوکھیلے جانے تھے۔ اس کے علاوہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک پانچ ٹی 20 میچز بھی کھیلے جانے تھے۔
نیوزی لینڈ نے راولپنڈی میں ہونے والے پہلے ونڈے سے عین قبل پورا دورہ منسوخ کردیا۔ دورہ منسوخ ہونے کی وجہ کورونا وائرس نہیں رہا۔ اس کی وجہ تھی پاکستان کی سیکورٹی صورتحال۔ نیوزی لینڈ کی حکومت نے فوراً کرکٹ ٹیم کو پاکستان سے لوٹنے کا حکم دیا اور اس کے بعد پورا دورہ ہی منسوخ کرنا پڑا۔ دراصل نیوزی لینڈ کی سیکورٹی ایجنسی کے الرٹ کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ہوٹل سے اسٹیڈیم نہیں جانے دیا گیا اور کچھ دیر بعد ہی دورہ منسوخ ہوگیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فوراً ملک لوٹنے کے لئے بلایا گیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خود نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم سے بات کی، لیکن وہ کھلاڑی کی سیکورٹی کے پیش نظر ان کی ماننے کو تیار نہیں ہوئیں۔