نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو این ایس اے، سی ڈی ایس اور تمام مسلح افواج کے سربراہوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ اس دوران انہوں نے فوجوں کو ’فری ہینڈ‘ دے دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلح افواج کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے پر بھارت کے ردعمل کے موڈ، اہداف اور وقت کا فیصلہ کرنے کی مکمل آزادی ہوگی
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کے دوران پی ایم مودی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "دہشت گردی کو مناسب ضرب دینا ہمارا قومی عزم ہے۔” منگل کو مودی نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سمیت بھارت کے اعلیٰ دفاعی حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، پی ایم مودی نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر مکمل اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ "انہیں ہمارے ردعمل کے انداز، ہدف اور وقت کے بارے میں فیصلہ کرنے کی مکمل آزادی ہے۔









