نئی دہلی:
افغانستان پر دوسری مرتبہ کنٹرول کے لئے بڑھ رہے طالبان نے بڑے وار لارڈ اسماعیل خان کا اغوا کرلیا ہے۔ اسماعیل خان کے ساتھ طالبان نے کابل کے کچھ افسران اور دو ہیلی کاپٹر بھی اپنے قبضے میں لے لئے ہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق، افسران کو کئی مقامات سے اٹھایا گیا ہے۔ حالانکہ طالبان نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
75 سال کے اسماعیل خان افغانستان میں بڑی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے امریکی فوج کے ساتھ 2001 میں طالبان کو معزول کرانے میں مدد کی تھی۔ انہوں نے جمعہ کو ایک بار پھر طالبان کے خلاف ہتھیار اٹھالیا تھا۔ دراصل طالبان مغربی افغانستان کے گڑھ ہیرات کے قریب پہنچ گئے تھے۔ اس کے بعد ہی اسماعیل خان نے دوبارہ ہتھیار اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ہندوستان نے اپنے شہریوں کے لئے جاری کی ایڈوائزری
طالبان کے سبب افغانستان میں حالات انتہائی بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ اسی درمیان ہندوستان نے دوماہ کے اندر چوتھی بار اپنے شہریوں کے لئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ حکومت نے ہندوستانیوں کو گائڈ لائنس پر عمل کرنے کے لئے کہا ہے۔ اس سے پہلے بھی سفارت خانہ نے ہندوستانیوں کو فوری اثر سے افغانستان چھوڑنے کے لئے کہا تھا۔ افغانستان میں ابھی بھی 1500 ہندوستانی موجود ہیں۔ ہندوستان کے علاوہ امریکہ، برطانیہ اور جرمنی نے بھی اپنے شہریوں کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔











