لکھیم پور کھیری : (ایجنسی)
پرینکا گاندھی منگل کو لکھیم پور کھیری میں تشدد میں مارے گئے کسانوں کے لیے منعقد کی گئی انتم ارداس میں پہنچیں۔ انہوں نے مہلوکین کی آتما کی شانتی کے لیے دعائیہ میٹنگ میں بھی حصہ لیا۔ تشدد والی جگہ سے ایک کلومیٹر دور اس دعائیہ میٹنگ منعقد کی گئی تھی ۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ یوپی کانگریس کےصدر اجے کمار للو ، ممبر پارلیمنٹ دپیندر ہڈا اور کانگریس کے دیگر لیڈر بھی موجود تھے ۔
پرینکا نے انتم ارداس میں شرکت کی اور مار گئے کسانوں کو خراج عقیدت پیش کی۔ انہوں نے پروگرام میں شامل ہونے آئے دیگر کسانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
واضح رہے کہ پرینکا گاندھی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے دہلی سے لکھنؤ ائیر پورٹ پہنچیں جہاں سے ان کا قافلہ لکھیم پور کے لئے روانہ ہوا۔ سیتا پور ٹول پلازہ پر کانگریس جنرل سکریٹری کے بھاری بھرکم قافلے کو سیکورٹی فورسز نے کووڈ پروٹوکول کا حوالہ دیتے ہوئے روکنے کی کوشش کی جس کے پیش نظر کانگریس کارکنوں اور پولیس کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔ آخر کار قافلے میں شامل کچھ گاڑیوں کو روک کر قافلہ آگے کے لیے روانہ کردیا گیا۔

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی انتم اَرداس کے مقام پر جب پہنچیں تو وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع تھی۔ پرینکا گاندھی اسٹیج کی جگہ نیچے زمین پر لوگوں سے بیٹھ کر ہی کسانوں کی تقریر سنتی نظر آئیں۔ پرینکا گاندھی کے قافلے میں ریاستی کانگریس صدر وجئے کمار للو، رکن پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا، نیشنل سکریٹری دھیرج گرجر بھی شامل تھے۔ تکونیا گاؤں میں ایک میدان میں اَنتم ارداس کی تیاری کی گئی تھی جس کی قیادت کسان لیڈر راکیش ٹکیٹ نے سنبھالی۔ آخری ارداس تقریب کے پیش نظر لکھیم پور کھیری میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے۔










