نئی دہلی:
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند (لاک)کئے جانے کے بعد سے ہنگامہ مچا ہوا ہے ، اب نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس ( این سی پی سی آر) نے راہل گاندھی کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے فیس بک اور انسٹاگرام کو لکھا ہے کہ راہل گاندھی نے عصمت دری کی شکار کے والدین کی شناخت ظاہر کر کے پاکسو قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس لیے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس معاملے میں ٹوئٹر پہلے ہی راہل گاندھی کا ہینڈل کو لاک کرچکا ہے۔
دوسری جانب راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ یہ امریکی کمپنی جانبدار ہے ، یہ ہندوستان کے سیاسی عمل میں مداخلت کر رہی ہے اور حکومت کی ہدایات کے مطابق چل رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جو کچھ ٹوئٹر نے کیا ہے وہ ہندوستان کے جمہوری ڈھانچہ پر حملہ ہے۔











