جے پور :
راجستھان میں جے پور نگر نگم کے 20 کروڑ روپے کے سی ڈی رشوت معاملہ میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس ) پر مقدمہ درج کیا ہے ۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد اب سنگھ نے خاموشی توڑی ہے ۔ آر ایس ایس کی طرف سے چھیتریہ کاریواہ ہنومان سنگھ راٹھور نے پریس ریلیز اور ویڈیو جار ی کرکے سنگھ کی شبیہ خراب کرنے کاالزام کانگریس پر لگایاہے ۔
چھیتریہ کاریواہ ہنومان سنگھ راٹھور نے کہاہے کہ سیاسی مفاد کے لیے سنگھ کی شبیہ خراب کی جا رہی ہے ۔ 20 اپریل کو نمبرم سے کمپنی کے نمائندوں کی ملاقات اور بات چیت معمول اور سماجی آداب کی بات تھی ۔انہوں نے کہا کہ نمبرم سے سماجی حلقے کے بہت سے لوگ فطری طور پر ملنے آتے ہیں۔ ان کی معمول کی ملاقات کو سنگھ میں ان کے رول سے جوڑنا قابل مذمت ہے۔ الگ الگ وقت اور سیاق وسباق میں ہونے والی گفتگو کی ویڈیو ریکارڈنگ کرکے انہیں جوڑ توڑ کر کے سیاسی وجوہات سے اس کے الگ الگ مطلب نکالے جارہے ہیں۔ یہ حقائق کے برعکس اور سنسنی پھیلانے کے لیے جاری کئے گئے ہیں۔
سنگھ کے پرچارک نے آگے کہا ہے کہ ایک ذمہ دار شہری کی طرح نمبرم ہر طرح کی جانچ میں تعاون کے لیے تیار ہے ۔ مگر سیاسی مفاد کے لیے حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کیا جا رہا ہے ، جو کہ غلط ہے ۔ہنومان سنگھ راٹھور نے کہا کہ اس طرح کے غیرضروری الزامات لگانا معاشرے میں ایک معزز شخص کے کردار کشی کے مترادف ہے۔ قانونی کارروائی کے لیے ہر طرح کے اختیارات ہمارے لئے کھلے ہیں۔









