نئی دہلی:
سوشلسٹ پارٹی انڈیا نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ بلا تاخیر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کر ے،قبائلیوں کے حقوق کے لیے سرگرم معروف سماجی شخصیت فادر اسٹین سوامی کی پانچ جولائی کو عدالتی حراست میں ہوئی موت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی دہلی اکائی کے متحرک و فعال صدر سید تحسین احمد نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ یہ صریح طور پر حراستی قتل ہے جس کے لیے مرکزی حکومت اور اس کی ایجنسیاں ذمہ دار ہیں۔
کیونکہ انہیں فادر سوامی کی خراب صحت کے بارے میں اچھی طرح پتہ تھا،اس کے باوجود ان کوگرفتار کیا ،سخت قید میں رکھا،ان کی ضمانت کی مخالفت کی،ان کو اچھے علاج سے محروم رکھا۔
قابل ذکر ہے کہ فادر کو بھیما کورے گاؤں یلغار پریشد کیس میں گزشتہ اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ مسٹر تحسین نے پر زور الفاظ میں کہا کہ جو بھی فادر سوامی کی موت کاذمہ دار ہےاس کو جوابدہ بنایا جائے،وہیں ایسے ہر سیاسی قیدی کو رہا کیا جائےجس کو بغیر مقدمہ چلائے برسوں سے جیل میں رکھا گیا ہے ۔ان میں زیادہ تر وہ ہیں جن پر جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں،کیونکہ وہ سرکار کی ظالمانہ اور غیر جمہوری پالیسیوں کے خلاف زور دار آواز اٹھا تےہیں۔سید تحسین احمد نے یاد دلایا کہ ایسے لوگوں کی ضمانت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں اور ان کا میڈیا ٹرائل ہوتا ہے۔









