شارجہ:(ایجنسی)
ٹی-20 عالمی کپ میں میں بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مسلسل دوسری جیت ملی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی-20 عالمی کپ کے 19 ویں میچ میں پاکستانی ٹیم نے 5 وکٹ سے جیت حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 134 رن بنائے۔ کیوی ٹیم کی طرف سے ڈیرل مچیل اور ڈیون کانوے نے 27-27 رنوں کی اننگ کھیلی۔ کپتان کین ولیمسن نے 25 رن بنائے۔ پاکستان کی طرف سے حارث روف نے 22 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ جبکہ محمد حفیظ، شاہین آفریدی اور عماد وسیم کو ایک ایک وکٹ ملا۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے مسلسل دوسرے میچ میں ٹاس جیتا۔ انہوں نے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی، لیکن محمد آصف اور شعیب ملک نے سنبھل کر بلے بازی اور پاکستانی ٹیم کو جیت دلا دی۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کی طرف سے دیا گیا ہدف 18.4 اوور میں حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم کا بلا آج خاموش رہا اور وہ صرف 9 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ فخرزماں اور محمد حفیظ بھی ٹیم کے لئے بڑا اسکور نہیں کرسکے۔ دونوں بلے بازوں نے صرف 11-11 رنوں کا تعاون دیا۔ گزشتہ میچ میں ٹیم انڈیا کو درد دینے والے محمد رضوان نے 34 گیندوں پر 33 رنوں کی اننگ کھیلی۔ محمد آصف اور شعیب ملک ناٹ آوٹ رہے۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستانی ٹیم نے پہلے 5 اوور میں ایک بھی وکٹ نہیں گنوائے تھے اور اسکور 28 رن تھا۔ چھٹے اوور کی پہلی گیند پر ٹم ساودی نے بابر اعظم (9 رن) کو بولڈ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے ٹی-20 انٹرنیشنل میں 100 وکٹ بھی پورے ہوگئے۔ اس کے بعد کریز پر آئے فخرزماں (11 رن) فارم میں نظر نیں آئے۔ انہوں نے 17 گیندوں کا سامنا کیا۔ وہ لیگ اسپنر ایشان سوڑھی کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ محمد حفیظ (11 رن) نے چھکا لگاکر اچھے ہاتھ دکھائے، لیکن ڈیوان کانوے نے ان کا شاندار کیچ پکڑ کر ٹیم کی میچ میں واپسی کرائی۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے سلامی بلے بازوں نے پہلے وکٹ کے لئے 36 رنوں کی شراکت کی۔ مارٹن گپٹل 17 رن بناکر تیز گیند باز حارث روف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ڈیرلی مچیل نے 27 رن بنائے۔ ٹیم کا اسکور 3 وکٹ پر 90 رن تھا، لیکن اس کے بعد کوئی بلے باز ٹک کر نہیں کھیل سکا۔ ڈیوان کانوے نے 27 اور کپتان کین ولیمسن نے 25 رن بنائے۔ ٹیم آخری 7 اوور میں صرف 44 رن بناسکی۔ ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ پر 134 رن بنائے۔ حارث روف نے 22 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کئے۔