نئی دہلی :
دیرینہ حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آئی سی سی مینس ٹی-20 عالمی کپ کے سپر 12 اسٹیج کا مقابلہ 24 اکتوبر کو دوبئی میں کھیلا جائے گا۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ ’کرک بز‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کی شروعات راؤنڈ-1 کے گروپ بی مقابلے سے ہوگی جہاں میزبان عمان کا سامنا پی این جی سے ہوگا۔ اسی دن اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان بھی میچ کھیلا جائے گا۔
سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈ اور نامیبیا کی ٹیم گروپ اے میں ہے۔ راؤنڈ-1 مقابلے 22 اکتوبر تک چلیں گے اور ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر-12 اسٹیج میں جائیں گی۔ سپر-12 میں آسٹریلیا کا سامنا جنوبی افریقہ سے ہوگا جہاں دونوں ٹیمیں اپنے پہلے ٹی-20 خطاب کے لیے مہم کی شروعات کریں گی۔ گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا سامنا اسی دن دوبئی میں ہوگا۔ اس کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان مقابلہ 30 اکتوبر کو دوبئی میں کھیلا جائے گا۔ اس گروپ کے میچوں کا اختتام 6 نومبر کو آسٹریلیا و ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ و جنوبی افریقہ کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔
سپر-12 گروپ میں افغانستان اپنی مہم کی شروعات 25 اکتوبر سے کرے گا جہاں پہلے راؤنڈ کے گروپ بی کے فاتح کے ساتھ اس کا میچ ہوگا۔ نیوزی لینڈ بھی اسی دن پاکستان کے ساتھ مقابلہ کھیلے گا۔ پہلا سیمی فائنل میچ ابوظبی میں 10 نومبر کو، دوسرا سیمی فائنل دوبئی میں 11 نومبر کو اور فائنل مقابلہ دوبئی میں 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ سبھی تین مقابلوں کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں ہندوستان 24 اکتوبر کو پاکستان سے آمنے سامنے ہونے کے بعد 31 اکتوبر کو نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گا۔ اس کے بعد 3 نومبر کو وہ افغانستان سے کھیلے گا، جب کہ اس کے بعد 2 مزید مقابلے 5 اور 8 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ سپر-12 اسٹیج میں 5 میں سے اپنے 4 میچ ہندوستان دوبئی میں کھیلے گا، جب کہ 1 میچ ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ شارجہ میں ہندوستان کا کوئی مقابلہ نہیں ہوگا۔