فیروز آباد:
ملک بھر میں کانچ کی چوڑیوں کے لیے مشہور اترپردیش کے فیروز آباد ضلع کا نام بدلنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ اس ضلع کا نام فیروز آباد سے بدل کر چندر نگر رکھنے کی تیاری ہے ۔ ضلع پنچایت کی میٹنگ میں نام تبدیلی کئے جانے کی تجویزپر مہر لگ گئی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ چندر سین جادون نے بھی اس تجویزکو اپنی حمایت دی ہے ۔ ضلع کا نام بدلنے کی سرگرمی کافی دنوں سے چل رہی تھی۔
واضح رہے کہ فیروز آباد ڈسٹرکٹ پنچایت بورڈ کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں ویسے تو ترقی و مفاد عامہ کی تمام تجاویز پر مہر لگی، لیکن ایک قرار داد اور پاس ہوا جو بحث کا موضوع بنا ہواہے ۔ میٹنگ میں فیروز آباد صدر کے بلاک پرمکھ لکشمی نارائن یادو نے ضلع کا نام چندر نگر رکھنے کی تجویز رکھی، جسے بورڈ نے متفقہ طور پر منظور کر کے حکومت کو بھیج دیا ہے۔ بلاک پرمکھ لکشمی نارائن یادو نے کہا کہ فیروز آباد کا نام تو بعد میںپڑا تھا ، پہلے اس کا نام چندروا رتھا ، جس کے ثبوت آج بھی موجود ہیں۔











