لاہور:(ایجنسی) پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی- 20 عالمی کپ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ٹیم کو پہلا مقابلہ 24 اکتوبر کو ہندوستان سے کھیلنا ہے۔ حالانکہ عالمی کپ میں کبھی بھی پاکستان کی ٹیم ہندوستان کو نہیں ہراسکی ہے، لیکن ٹورنامنٹ سے پہلے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ان کی ٹیم ہندوستان کے خلاف جیت سے آغاز کرنا چاہے گی۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں نے ایک ایک بار ٹورنامنٹ کا خطاب جیتا ہے، حالانکہ ٹیم انڈیا 2007 کے بعد سے کبھی چمپئن نہیں بن سکی ہے۔ ٹورنامنٹ کے مقابلے 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک ابو ظہبی اور عمان میں کھیلے جائیں گے۔ کل 16 ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اتر رہی ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا ماننا ہے کہ جب ان کی ٹیم 24 اکتوبر کو ٹی-20 عالمی کپ کے مقابلے میں ہندوستان سے مدمقابل ہوگی تو زیادہ دباؤ حریف ٹیم پر ہی ہوگا۔ بابر اعظم نے رمیز راجہ سے ملاقات کے بعد کہا، ’مجھے لگتا ہے کہ عالمی کپ میچ میں ہمارے مقابلے ہندوستانی ٹیم زیادہ دباؤ میں ہوگی۔ ہم اپنی مہم ہندوستان کو شکست دے کر شروع کرنا چاہیں گے‘۔ پاکستان کے سابق عظیم کھلاڑی رمیز راجہ کے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے اگلے چیئرمین بننے کی خبر ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کے ذریعہ جاری شیڈول کے مطابق، ہندوستان اور پاکستان دبئی میں ٹی-20 عالمی کپ کے گروپ مرحلے میں ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گے۔ دونوں ٹیموں نے عالمی کپ 2019 کے بعد سے ایک دوسرے کے خلاف کوئی کرکٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔ اس مقابلے میں بھی ہندوستان نے پاکستان کو آسانی سے شکست دے دی تھی۔
بابر اعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلنا ان کے لئے گھر پر کھیلنے جیسا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’یہ ہمارے گھریلو میدان کی طرح ہی ہے، جب ہم متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر کھیلتے ہیں، تو ہمیں فائدہ ملتا ہے اور اس کے ساتھ ہی اپنا صد فیصد دینا چاہیں گے‘۔ بابر اعظم نے یہ بھی کہا کہ تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی کپتانی کرنے کا ان پر کوئی دباو نہیں ہے۔