ٹوکیو:(ایجنسی)
ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی بھاوینا پٹیل کو اتوارکے روز ٹوکیو پیرالمپکس میں ہوئے خواتین کے سنگلز کے فائنل میں دنیا کی نمبر ایک چین کی پیڈلر ینگ ژاؤ سے ہارنے کے بعد چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں یہ ہندوستان کا پہلا تمغہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی بھاوینا پیرالمپکس میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی بھی بن گئیں ۔ وہ دیپا ملک (2016 میں) کے بعد پیرالمپکس میں تمغہ جیتنے والی دوسری ہندوستانی خاتون ہیں۔ آج یہاں 19 منٹ کے مقابلے میں بھاوینا کو دو بار طلائی تمغہ جیتنے والی چین کی کھلاڑی پیڈلر ینگ ژاؤ سے 7-11 5-11 6-11 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل بھاوینا پٹیل نے ہفتہ کے روز تاریخ رقم کرتے ہوئے سربیا کی چیمپئن بورسلاوا پیرک کو شکست دے کر پیرالمپکس کے ٹیبل ٹینس مقابلے کےفائنل میں پہنچنے والی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی تھیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک کے لیے ان کھیلوں میں کم از کم چاندی کا تمغہ یقینی بنایا تھا۔