یوکرین :(ایجنسی)
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین امن کا خواہاں ہے، ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں یوکرینی صدر نے کہا کہ روس سے کسی بھی پلیٹ فارم پر بات چیت کے لیے تیار ہیں، نہیں معلوم روسی صدر کیا چاہتے ہیں، اس لیے ان سے ملنے کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ مشرقی یوکرین اور روس میں اشتعال انگیز واقعات مذموم جھوٹ ہیں، عالمی سلامتی کے خدوخال نازک ہوچکے ہیں انہیں اپ ڈیٹ ہونے کی ضرورت ہے۔
یوکرین کے صدر نے مزید کہا کہ ہم اپنے ساتھیوں کے ساتھ یا ان کے بغیر اپنی سرزمین کا دفاع کریں گے، یوکرین کی نیٹو رکنیت کے معاملے پر نیٹو ارکان کی ایماندارانہ رائے ہونی چاہیے۔
یوکرین کی حمایت میں ناکامی تباہ کن ہوگی: بورس جانسن
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کی حمایت کے وعدوں میں ناکامی کے تباہ کن نتائج ہوں گے۔
میونخ میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں برطانوی وزیراعظم نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے میں مغرب کی بے عملی سے دنیا اور خصوصاً تائیوان کے لیے خطرناک پیغام جائے گا۔
بورس جانسن نے یہ بھی کہا کہ مغربی ممالک نے یوکرین کو اس کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کرنے کا یقین دلایا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یوکرین خطرے میں آتا ہے تو اس صدمے کی گونج پوری دنیا میں ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک نے یوکرین کو سالمیت، خود مختاری کا تحفظ کرنے کا یقین دلایا ہے، لوگوں کو جارحیت پر جو طاقتور ہے وہی صحیح ہے کے مقولے پر یقین آجائے گا۔